پٹنہ14جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی گزشتہ 3ماہ سے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد اور ان کے خاندان والوں کے خلاف بدعنوانی کو لے کر انکشافات اورالزام لگانے کی خدمات میں مصروف عمل ہیں۔اپنے انکشافات کو لے کر سشیل مودی مسلسل آر جے ڈی کے نشانے پر ہے، مگر اب انہوں نے کچھ ایسا لکھا جس کی وجہ سے بڑا ہنگامہ مچ گیا۔دراصل بدعنوانی کا الزام جھیل رہے لالو کے چھوٹے بیٹے اور نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادونے بدھ کواعلان کر دیاکہ وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیں گے اوراپنے دفاع میں انہوں نے کہا تھا کہ جس وقت ریلوے ٹینڈر گھوٹالہ ہوا تھا اس وقت ان کی نہ تو داڑھی تھی اور نہ ہی مونچھیں سو تو ان کی عمر صرف 13یا 14سال تھی۔اسی تناظر میں سشیل مودی نے ٹویٹ کیا اور لکھاکہ جب کوئی بغیر مونچھیں والانربھیاجیسا بھیانک عصمت دری سانحہ کر سکتا ہے تب کاغذی دھاندلی سے جائیداد کیوں نہیں بنا سکتا؟۔اس ٹویٹ پر بھلے ہی سشیل مودی نے کہیں بھی تیجسوی کانام براہ راست طور پر نہیں لکھا تھا مگر حوالہ بالکل صاف تھا۔سشیل مودی کی ٹویٹس کے بعد جیسے آر جے ڈی میں ان پر حملہ کرنے کی ہوڑ مچ گئی۔پارٹی نے اپنے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ سے دنادن سشیل مودی پر جوابی حملہ بولا۔پہلے ٹویٹس میں پارٹی نے لکھاکہ نریندر مودی ملک کو بتائیں کہ وہ اس بیان سے اتفاق کرتے ہیں؟۔ بی جے پی کی سرکاری رضامندی حاصل ہے؟۔دوسرے ٹویٹس میں پارٹی نے لکھاکہ اپنے آپ کو مشہور کرنے کے لئے سشیل مودی ایک عصمت دری متاثرہ کے نام کو بے وجہ گھسیٹ کرخواتین کی توہین کر رہے ہیں۔